نئی دہلی، 9؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) زرعی قوانین کے معاملے پر سپریم کورٹ کی بنائی گئی کمیٹی نے منگل کو کہا کہ اس نے قوانین کولے کر آئی ٹی سی اور امول سمیت زرعی پروسیسنگ صنعتوں سے مشاورت کی ہے۔ یہ کمیٹی کی اب تک چھٹی میٹنگ ہے۔ تین رکنی کمیٹی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ آن لائن اور آمنے سامنے تبادلہ خیال کررہی ہے۔
کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے منگل کے روز مختلف زرعی پروسیسنگ صنعتوں، تنظیموں اور خریداری ایجنسیوں سے بات چیت کی۔ نومبر کے آخر سے ہی دہلی کی سرحدوں پر ڈیرہ ڈالے کسانوں کے احتجاج کے درمیان سپریم کورٹ نے 12 جنوری کو تینوں زرعی قوانین کے نفاذ پر دو ماہ کے لئے روک لگا دی تھی اور کمیٹی سے اس مدت کے دوران اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے لئے رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا تھا۔
کمیٹی نے بتایا کہ کل 18 مختلف اسٹیک ہولڈر تنظیموں نے ویڈیو کانفرنسوں کے ذریعے کمیٹی کے ممبران کے ساتھ تفصیلی مشاورت میں حصہ لیا۔ ان اسٹیک ہولڈرز میں امول، آئی ٹی سی، سوگنا فوڈز، وینکٹیشورا ہیچریز، انڈسٹری باڈی سی آئی آئی اور ایف آئی سی سی آئی کے علاوہ حکومت ہند فوڈ کارپوریشن آف انڈیا، ایگریکلچرل اینڈ پروسیسڈ فوڈ پروڈکٹ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (اے پی ڈی اے) بھی شامل ہے۔